کالم و مضامین/Articles

یوم استحصال کشمیر: تاریخی حقائق اور جدوجہد

تحریر۔ ایم۔ زیڈ ۔شرفی

5 اگست 2019، یہ وہ تاریخ ہے جسے جنوبی ایشیا کی تاریخ میں ایک سیاہ دن کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔ اس دن بھارت کی بی جے پی حکومت نے ایک غیر قانونی اور ظالمانہ اقدام کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت، جو کہ بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اور 35A کے تحت حاصل تھی، کو ختم کر دیا۔ یہ اقدام نہ صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی تھا بلکہ یہ کشمیری عوام کے حقوق اور ان کے بنیادی انسانی حقوق پر بھی ایک سنگین حملہ تھا۔ اس کے بعد پاکستان سمیت دنیا بھر کے کشمیریوں نے اس دن کو یوم استحصال کشمیر کے طور پر منانا شروع کیا تاکہ عالمی برادری کی توجہ اس مسئلے کی طرف مبذول کروائی جا سکے۔
آرٹیکل 370 اور 35A دراصل جموں و کشمیر اور بھارت کے درمیان ایک معاہدے کی شکل میں تھا، جس کے تحت کشمیر کو داخلی معاملات میں خود مختاری حاصل تھی۔ اس معاہدے کے تحت کوئی بھی غیر کشمیری جموں و کشمیر میں زمین نہیں خرید سکتا تھا اور نہ ہی وہاں کا مستقل شہری بن سکتا تھا۔ اس خصوصی حیثیت کا خاتمہ کشمیریوں کے جغرافیائی، ثقافتی اور تاریخی وجود پر ایک وار تھا۔ اس اقدام کے بعد بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن لگا دیا، مواصلاتی رابطے منقطع کر دیے، اور ہزاروں سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔ یہ سب کچھ کشمیریوں کی آواز کو دبانے اور ان کی مزاحمت کو کچلنے کے لیے کیا گیا۔
عالمی برادری کی خاموشی اور اس پر ہماری ذمہ داری بڑی اہم ہے
یوم استحصال کشمیر ہمیں یاد دلاتا ہے کہ مسئلہ کشمیر صرف ایک علاقائی تنازع نہیں ہے، بلکہ یہ انصاف، انسانی حقوق اور حق خود ارادیت کا مسئلہ ہے۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں تاکہ وہاں کے اصل باشندوں کو اقلیت میں تبدیل کر دیا جائے، جو کہ ایک بین الاقوامی جرم ہے۔ بدقسمتی سے، عالمی برادری نے اس مسئلے پر ایک مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے، جو کہ کشمیری عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔
اس صورتحال میں، پاکستانی قوم اور دنیا بھر کے حریت پسندوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں کی جدوجہد کو فراموش نہ کریں۔ یوم استحصال کشمیر کو منانے کا مقصد صرف احتجاج کرنا نہیں بلکہ یہ اس عزم کی تجدید ہے کہ جب تک کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت نہیں مل جاتا، ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ ہمیں یہ پیغام دینا ہے کہ کشمیر کے عوام تنہا نہیں ہیں، اور ان کی آزادی کا خواب ضرور پورا ہو گا۔
انشااللہ

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button