صوبہ ہزارہ کے قیام کی جدوجہد کو تیز کرنے کے لئے ہزارہ عوامی اتحاد کوہزارہ قومی محاذ میں ضم کر دیا گیا
ایبٹ آباد (سینئر جرنلسٹ سردار شفیق )قوم پرست جماعت ہزارہ قومی محاذ کی سیاسی پوزیشن مستحکم ہونے لگی۔صوبہ ہزارہ کے قیام کی جدوجہد کو تیز کرنے کے لئے ہزارہ عوامی اتحاد کوہزارہ قومی محاذ میں ضم کرنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا۔
اس سلسلہ میں شمولیتی تقریب کا انعقاد ایبٹ آباد پریس کلب میں کیا گیا جس میں ہزارہ عوامی اتحاد کے سربراہ جاوید خان جدون نے اپنی کابینہ اور جنبہ سمیت ہزارہ قومی محاذ میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔
اس موقع پر سیکرٹری جنرل HQM ذوالقرنین خان جدون ہزارہ عوامی اتحاد کے صدر جاوید خان جدون نے بھی خطاب کیا ۔تقریب میں صوبائی صدر ہزارہ قومی محاذ امجدقدوس خان ،ہزارہ موومنٹ پاکستان کے چیئرمین اسد خان جدون اور دیگر بھی موجود تھے۔
چیئرمین ہزارہ قومی محاذ قاضی اظہر ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہزارہ عوامی اتحاد کا ہزارہ قومی محاذ میں ضم ہونا صوبہ کی تحریک کو دوام بخشے گا۔صوبہ ہزارہ کا قیام ہزارہ کے عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے جس کے لئے سب سے پہلے HQM کے بانی ملک آصف ایڈووکیٹ مرحوم نے 1987 میں آواز بلند کی تھی۔
پختون خوا نامنظور تحریک کا آغاز کیا تھا جس میں پارٹی کو تقویت ملی تھی لیکن اس میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کامیاب ہوئی اور ہزارہ قومی محاذ دو حصوں میں بٹ گئی تھی۔قاضی محمد اظہر ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ ہزارہ کے عوام صوبہ کا قیام کے خواہاں ہیں۔
جس کے مقاصد سے عوام کو آگاہ کرنے کی جدوجہد مشکلات کا بھی شکار ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہزارہ کے عوام کے حقوق کا تحفظ کرنے کے لئے ہزارہ قومی محاذ جدوجہد کو جاری رکھے ہوئے ہے ہزارہ میں بندوبست اراضی کے لئے باہر سے پٹواری بھرتی کرنے کی کوشش کو ناکام بنایا ہے۔
ہزارہ ٹورسٹ پولیس میں دوسرے اضلاع سے بھرتی ایبٹ آباد اور مانسہرہ کے نوجوانوں کے حقوق پر ڈاکہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہزارہ قومی محاذ ایک نئے ولولہ جوش اور جذبہ کے ساتھ میدان میں اتر آئی ہے۔
ہزارہ قومی محاذ ہزارہ صوبہ کے قیام کو انتظامی بنیادوں پر بنانے کی خواہاں ہے۔پاکستان میں نئے انتظامی یونٹس وقت کی ضرورت ہے۔ہزارہ قومی محاذ 33 سال سے اس کے قیام کی جدوجہد کر رہی ہے ۔ایبٹ آباد میں ہزارہ صوبہ کی آواز بلند کرنے والوں کو درندگی کا نشانہ بنایا گیا۔
جن کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی اور ایک روز صوبہ ہزارہ ضرور بنے گا اور ایشیاء کا امیر ترین صوبہ ہوگا جس کے عوام خوشحال ہوں گے۔
قبل ازیں ہزارہ عوامی اتحاد کے سربراہ جاوید خان جدون نے کہا کہ ہزارہ عوامی اتحاد کا ہزارہ قومی محاذ میں ضم ہونے کا مقصد صوبہ کے قیام کے لئے مل کر جدوجہد کو پایہ تکمیل تک پہونچانا ہے۔