GulfKuwait

یوم استحصال کشمیر کے موقعہ پر سفارت خانہ پاکستان میں پروقار تقریب

5 اگست 2019 کو انڈیا نے غیرقانونی طور پر کشمیریوں کی خصوصی حیثیت ختم کی، اقدام واپس لینا پڑے گا، سفیر پاکستان ڈاکٹر ظفر اقبال کا خطاب

رپورٹ: محمد عمر
کویت میں سفارت خانہ پاکستان میں 5،اگست کو یوم استحصال کشمیر کے موقعہ پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا، ،کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات نے تقریب میں شرکت کی، کمپیئرنگ کے فرائض سفارتخانہ کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی حمزہ توقیر نے احسن طریقہ سے انجام دئیے، انہوں نے ابتدائی کلمات میں کہا کہ یوم استحصال کشمیر ایک سیاہ دن کے طور پر منایا جاتا ہے کیونکہ 5،اگست 2019 کو انڈیا میں مودی حکومت نے کشمیریوں کی وہ خصوصی حیثیت ختم کردی تھی جو ان کو انڈیا کے آئین کے آرٹیکل 370 اور 35 اے ، کے تحت حاصل تھی، انہوں نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف اقوام متحدہ کی قراردادون کی کھلم کھلا خلاف ورزی تھا بلکہ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق پر بھی ایک سنگین حملہ تھا، کارروائی کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کی سعادت سفارت خانہ کے اسٹاف حافظ عامر سلمان نے حاصل کی ،

ایک دستاویزی فلم پروجیکٹر اسکرین پر پیش کی گئی جس میں 1989 سے اب تک کشمیریوں پر انڈین مظالم کی نشاندہی کی گئی، جس کے بعد کمیونٹی ویلفیئر اتاشی حمزہ توقیر نے یوم استحصال کشمیر کے موقعہ پر کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے حوالہ سے صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم میاں شہباز شریف اور ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے پیغامات پڑھ کر سنائے، جس کے بعد تقریب کے صدر سفیر پاکستان ڈاکٹر ظفر اقبال کو دعوت خطاب دی گئی ، انہوں نے انڈیا کے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ اور کشمیریوں پر مظالم کی پرزور مذمت کی، انہوں نے کہا کہ یوم استحصال کشمیر ہمیں یاد دلاتا ہے کہ مسئلہ کشمیر صرف ایک علاقائی تنازعہ نہیں بلکہ یہ انصاف ،انسانی حقوق اور حق خود ارادیت کا مسئلہ ہے، انڈیا نے کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں تاکہ وہاں کے حقیقی باشندوں کو اقلیت میں بدل دیا جائے،انہوں نے کہا کہ انڈیا پر عالمی دباؤ بڑھ رہا ہے انہیں کشمیریوں کی رائے کے مطابق ہی مسئلہ کشمیر حل کرنا پڑے

گا، انہوں نے کہا کہ انڈیا نے امسال مئی میں فالس فلیگ آپریشن کے ذریعہ پاکستان پر جارحیت مسلط کرنے کی کوشش کی، جس کا پاکستان نے بنیان مرصوص کے ذریعہ بھرپور جواب دیا،انڈیا کے اندر بھی لوگ پوچھتے ہیں کہ ان بندوں کا کیا ہوا جنہوں نے پہلگام میں حملہ کیا تھا،وہ اب تک پکڑے کیوں نہیں گئے، بنیان مرصوص کی دنیا میں ہر کسی نے تعریف کی، انہوں نے کہا کہ انڈیا میں جب بھی الیکشن ہوں وہ ایسی ہی حرکات کرتے ہیں حالانکہ پاکستان کے کسی بھی الیکشن میں انڈیا کو ایشو نہیں بنایا گیا، انہوں نے کہا کہ کویت میں مقیم پاکستانی ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہین، پچھلے سالوں میں ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے، آخر میں شرکاء کیلئے پرتکلف ریفریشمنٹ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button