پاراچنار میں مذہبی ہم آہنگی کے حوالے سے واک کا اہتمام کیا گیا جس میں مختلف سیاسی سماجی اور مذہبی تنظیموں کے رہنماؤں نے شرکت کی
طلبہ ، ضلعی انتظامیہ کے افسران اور سکھ عیسائی ہندو برادری کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی
پارا چنار کرم (ناصر حسین بنگش) پاراچنار میں مذہبی ہم آہنگی کے حوالے سے واک کا اہتمام کیا گیا جس میں مختلف سیاسی سماجی اور مذہبی تنظیموں کے رہنماؤں ، طلبہ ، ضلعی انتظامیہ کے افسران اور سکھ عیسائی ہندو برادری کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔
واک کے شرکاء ڈپٹی کمشنر ہاؤس سے شروع ہو کر مختلف راستوں سے گزرے ۔شرکائے واک نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جس پر مذہبی ہم آہنگی کے حوالے سے نعرے درج تھے واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر امیر نواز نے کہا کہ ہمیں اقلیتوں سمیت آپس میں ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہیے اور ہمیں نبی کریم کے نقش قدم پر چلنا چاہئے۔
واک کے شرکاء سے اپنے خطاب میں اقلیتی رہنماؤں پادری ریاض مسیح اور نرائن سنگھ نے کہا کہ پاراچنار اور ضلع بھر کے مسلمانوں اور حکومت کا برتاو ان کے ساتھ بہت اچھا ہے اور انہیں نہ صرف اپنے مذہبی عقائد کے مطابق عبادات کا موقع مل رہا ہے بلکہ ضلعی انتظامیہ سمیت حکومتی افسران اور مقامی لوگ بھی ان کے مذہبی تقریبات میں بھرپور حصہ لیتے ہیں