سانحہ اے پی ایس پشاور کی یاد میں ملک بھر کی طرح پاراچنار میں بھی دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا
پاراچنار کرم ( نمائندہ خصوصی ) سانحہ اے پی ایس پشاور کی یاد میں ملک بھر کی طرح پاراچنار میں بھی دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں قبائلی عمائیدین اور سکولوں کے بچوں نے بھی شرکت کی۔
سولہ دسمبر 2014 کو اے پی ایس پشاور میں دہشت گردی کے واقعے میں کمسن بچوں اور عملے سمیت 132 افراد شہید ہوگئے تھے۔
جن میں ضلع کرم پاراچنار سے تعلق رکھنے والے تین طلبہ عمران علی ، ابرار حسین اور ندیم حسین بھی شامل تھے طوری قبرستان پاراچنار میں بھی شہدا کی یاد میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
جس میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیااس موقع پر اپنے خطاب میں حاجی عابد حسین ، سید نقی شاہ اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ اے پی ایس کے کمسن بچوں کو انتہائی بے دردی سے شہید کیا گیا تھا جن کو وہ کبھی بھی فراموش نہیں کرسکیں گے۔
دعائیہ تقریب میں بچوں نے بھی خصوصی شرکت کی اور شہدا کی قبروں پہ شمعیں روشن کیں۔ تقریب میں قبائلی عمائدین حاجی عابد حسین ، سید نقی شاہ حشمت بنگش اور شہدا کے ورثا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کی قربانیاں لائق تحسین ہیں اور دہشت گردی کے خلاف ہم فورسز کے ساتھ ہیں۔