تازہ ترین

واپڈا ٹاؤن لاہور میں سٹریٹ کرائم میں تشویشناک اضافہ، سوسائٹی انتظامیہ کی سیکورٹی پر مجرمانہ غفلت

لاہور (نمائندہ خصوصی)
واپڈا ٹاؤن لاہور، جو کبھی ایک محفوظ اور پر سکون رہائشی علاقہ سمجھا جاتا تھا، اب سٹریٹ کرائم کا گڑھ بنتا جا رہا ہے۔ چوریاں، ڈکیتیاں اور راہ زنی کے بڑھتے ہوئے واقعات نے شہریوں کو شدید خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا ہے۔ سیکورٹی کی ناقص صورتحال کے باعث مکین دیگر محفوظ سوسائٹیوں کا رخ کرنے لگے ہیں جہاں حفاظتی اقدامات زیادہ مؤثر سمجھے جاتے ہیں۔

حالیہ واقعہ جے-ٹو بلاک میں پیش آیا جہاں شام کے وقت خواتین اپنے بچوں کے ہمراہ پارک میں موجود تھیں۔ اس دوران ایک موٹر سائیکل سوار ملزم نے گن پوائنٹ پر ایک خاتون کے گلے سے طلائی ہار چھین لیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔ واردات نہایت دیدہ دلیری سے لوگوں کی موجودگی میں انجام دی گئی، جبکہ سوسائٹی کی سکیورٹی محض رسمی کارروائی کے طور پر جائے واردات پر پہنچی اور اب تک ملزم کا کوئی سراغ نہ لگایا جا سکا۔

مکینوں کے مطابق سٹریٹ کرائم میں اضافے کی ایک بڑی وجہ واپڈا ٹاؤن کی مرکزی شاہراہوں کا کمرشلائز ہونا بھی ہے، جس کے بعد غیر متعلقہ افراد کی آمد و رفت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ اس کے باوجود سوسائٹی انتظامیہ کی جانب سے سیکورٹی بہتر بنانے کے لئے کوئی سنجیدہ اقدام نہیں اٹھایا گیا۔

رہائشیوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سوسائٹی کے داخلی و خارجی راستوں پر چیک پوسٹیں قائم کی جائیں، سی سی ٹی وی کیمرے مؤثر انداز میں فعال کیے جائیں اور گشت کا نظام سخت کیا جائے تاکہ اہل علاقہ کو تحفظ کا احساس دلایا جا سکے۔ بصورت دیگر شہریوں کو سوسائٹی چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑے گا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button